انتخابات سے ایک دن پہلے الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ کا سرور ڈاؤن ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق عام انتخابات 2024 سے صرف ایک روز قبل عوام کے لیے الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ قابل رسائی نہ رہی۔
ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق ویب سائٹ کا سرور زیادہ لوڈ ہونے کے باعث ڈاؤن ہوا، الیکشن کمیشن کا آئی ٹی عملہ فنی خرابی دور کرنے میں مصروف ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان میں عام انتخابات کے لیے پولنگ کل ہو گی، ووٹرز قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے 855 حلقوں میں امیدوار چنیں گے۔ ملک بھر میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 12 کروڑ 85 لاکھ 85 ہزار 760 ہے۔
ملک بھر میں 90 ہزار 675 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں جبکہ 14 لاکھ 90 ہزار انتخابی عملہ ڈیوٹی دے گا۔
پولنگ صبح 8 سے بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہے گی اور حلقے کا غیر حتمی غیر سرکاری نتیجہ ریٹرننگ افسر کے دفاتر سے جاری ہو گا، پولنگ اسٹیشنوں کے نتائج پولنگ ختم ہونے کے ایک گھنٹے بعد جاری کیے جاسکیں گے۔