ہندو انتہا پسند تنظیم نے معروف پاکستانی گلوکار عاطف اسلم کی بالی ووڈ میں واپسی کی خبروں پر دھمکی دے دی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ایک ہندو انتہا پسند تنظیم نے کہا کہ عاطف اسلم کے لیے ریڈ کارپٹ بچھانے کی منصوبہ بندی کرنے والوں کو سنگین نتائج کا سامنا کرنا ہوگا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ہندو انتہا پسند تنظیم مہاراشٹر نونریمان سینا کے رہنما راج ٹھاکرے نے دھمکی دی ہے کہ بالی ووڈ میں پاکستانی آرٹسٹوں کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔
ہندو انتہا پسند رہنما نے مزید کہا کہ بالی ووڈ کے جو پروڈیوسرز عاطف اسلم کو دوبارہ بالی ووڈ میں لانے اور ان کے لیے ریڈ کارپٹ بچھانے کے لیے منصوبہ بندی کررہے ہیں انہیں سنگین نتائج کا سامنا کرنا ہوگا۔
ہندو انتہاپسند تنظیم کے ایک اور رہنما کی جانب سے کہا گیا کہ بالی ووڈ میں پاکستانی آرٹسٹوں کو لانے والوں کو ان کی اوقات دکھانا ضروری ہے جبکہ چیلنج کرتا ہوں کہ کوئی بھی فلم میکر پروڈیوسر پاکستانی آرٹسٹ کو اپنے پروجیکٹ میں لینے کی غلطی نہ کرے۔ دوسری جانب عاطف اسلم کی حمایت کرنے پر بالی ووڈ کے مشہور گلوکار اریجیت سنگھ کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا گیا ہے۔
واضح رہے کہ کچھ روز قبل بالی ووڈ کے ایک فلم میکر نے اپنی نئی فلم کے گانوں کیلئے عاطف اسلم کو لینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ عاطف اسلم کی 7 سال بعد بالی ووڈ میں واپسی خوشی کی خبر ہے۔