الیکشن کمشنربلوچستان محمد فرید آفریدی کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں عام انتخابات کے حوالے سے تیاریاں مکمل ہیں حساس اور انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز پر سیکیورٹی کے اضافی اقدامات کئے جائیں گے انٹرنیٹ سروس اور موبائل سروس کی بندش کا فیصلہ حکومت نے کرنا ہے۔
کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے صوبائی الیکشن کمشنر کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں ترپن لاکھ سے زائد ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے پرامن انتخابات کے لیے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں تیس ہزار سے زائد پولیس ، ایف سی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار سیکیورٹی کے فرائض سرانجام دیں گے۔
محمد فرید آفریدی کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں ٹوٹل پانچ ہزار چھبیس پولنگ اسٹیشنز ہیں ، جن میں دو ہزار دو سو انچاس حساس اور سولہ سو اکیاون انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز ہیں ۔
ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ قومی اسمبلی کے سولہ حلقوں پر چارسو انتیس جبکہ صوبائی اسمبلی کی اکیاون نشستوں پربارسو ستاسٹھ امیدوار حصہ لے رہے ہیں ۔
اس کے علاوہ قومی اسمبلی کی نشستوں پر بلوچستان سے چودہ اور صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر اٹہتر خواتین انتخاب لڑرہی ہیں ۔ اس کے علاوہ قومی اسمبلی مخصوص نشستوں پر اٹھائیس خواتین اور صوبائی اسمبلی کے لیے باسٹھ خواتین امیدوار ہیں جبکہ غیر مسلم کی نشستوں کے لیے اکتیس امیدوار ہیں ۔
ان کا کہنا تھا کہ انتخابات کو پر امن بنانے کیلئے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔ انٹرنیٹ سروس اور موبائل سروس کی بندش کا فیصلہ حکومت نے کرنا ہے ۔ا