متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان نے پی ایس 88 میں ماضی کی اپنی سخت حریف عوامی نیشنل پارٹی کے شاہی سید کی حمایت کا اعلان کر دیا ہے جبکہ اے این پی کارکنوں کو کراچی میں ایم کیو ایم کے امیدواروں کو سپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق آج اتوار کو ایم کیو ایم کا ایک وفد مصطفیٰ کمال کی سربراہی میں مردان ہاؤس پہنچا، جہاں اے این پی سندھ کے صدر شاہی سید اور یونس بونیری نے ان کا استقبال کیا۔
مصطفیٰ کمال کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو میں رہنما اے این پی شاہی سید نے کہا میں تہہ دل سے مصطفیٰ کمال اور ایم کیو ایم کا شکریہ ادا کرتا ہوں، ہم لوگوں نے ہی مل کر اس شہر میں کام کرنا ہے۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ کراچی میں پی ایس 88 میں ہم انکی حمایت کریں گے، متحدہ قومی مومنٹ اور اے این پی ایک اچھے رشتے کی بنیاد رکھ رہے ہیں۔ اس موقع پر عوامی نیشنل پارٹی سندھ کے صدر شاہی سید کا کہنا تھاکہ ان کے لیے سیٹ کی کوئی اہمیت نہیں، ان کے لیے اعزاز کی بات ہے کہ ایک سیاسی جماعت نے اے این پی کے وجود کو تسلیم کیا۔
عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر نے عزم ظاہر کیا کہ ایم کیو ایم کو جہاں ان کی ضرورت پڑی، وہ وہاں ساتھ کھڑے نظر آئیں گے۔ میں اپنے کارکنان کو کہوں گا وہ بھی الیکشن میں ایم کیو ایم کی مدد کریں گے۔ جہاں جہاں ایم کیو ایم کو ضرورت ہے وہاں کارکن ان کو سپورٹ کریں۔