بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ ، ضلع تربت اور ضلع جعفر آباد میں مختلف دھماکوں کے نتیجے میں 4 افراد زخمی جبکہ ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔
تربت
پولیس حکام کے مطابق جمعرات کے روز تربت کے علاقے غلام نبی چوک پر دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں ایک شخص زخمی ہوگیا، دھماکا کس نوعیت کا ہے ابھی اس حوالے سے تحقیقات کر رہے ہیں، تاہم سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن کا آغاز کر دیا ہے۔
جعفرآباد
ضلع جعفرآباد کے علاقے ڈیرہ اللہ یار میں قومی شاہراہ بھٹی ہوٹل کے قریب دوسرا دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں تین افراد زخمی ہوگئے جنہیں طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
کوئٹہ
بعدازاں، کوئٹہ کے علاقے سبزل روڈ پر پولیس چوکی کے قریب دھماکا ہوا اور پولیس کے مطابق دھماکا خیز مواد چوکی کے قریب زور دار دھماکے سے پھٹ گیا جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق ہوا۔
ایس ایس پی آپریشنز کی گفتگو
ایس ایس پی آپریشنز کوئٹہ طارق جواد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ سی پیک روڈ کے سڑک کنارے دھماکے میں ایک شخص جاں بحق ہوا، دھماکے میں 8 سے 10 کلو دھماکا خیز مواد استعمال کیا گیا ہے۔
ایس ایس پی آپریشنز جواد طارق کا کہنا تھا کہ جاں بحق شخص کی شناخت کے حوالے سے تحقیقات جاری ہیں، تاہم، ابتدائی تفتیش میں جاں بحق شخص راہ گیر معلوم ہوتا ہے۔
لازمی پڑھیں۔ الیکشن کمیشن بلوچستان کے تین شہروں میں دھماکوں کا نوٹس
انہوں نے بتایا کہ جائے دھماکے کی حدود میں کوئی انتخابی پروگرام نہیں تھا، انتخابی گہما گہمی کے حوالے سے سیکورٹی ہائی الرٹ ہے۔
کوئٹہ میں دوسرا حملہ
کوئٹہ میں دوسرا حملہ قمبرانی روڈ ارباب گیٹ کے قریب ہوا جس کے بارے پولیس حکام کا کہنا تھا کہ یہ ہینڈ گرنیڈ حملہ تھا۔
حکام نے بتایا کہ قمبرانی روڈ دھماکے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔