پاکستانی چاول کی خلیجی ممالک کو برآمدات میں ریکارڈ اضافے کا امکان ہے۔ ماہرین نے توقع ظاہر کی ہے کہ رواں سال کے دوران خلیجی ممالک کو پاکستانی چاول کی برآمدات میں تقریباً 50 فیصد اضافہ ہوسکتا ہے۔
سعودی عرب کی سبق ویب سائٹ کے مطابق ماہرین نے کہا ہے کہ خلیجی ممالک کو پاکستانی چاول کی برآمدات میں اضافہ بھارت کی طرف سے چاول کی برآمدات میں کمی کے سبب ہے۔
یاد رہے کہ دنیا بھر میں بھارت چاول کی برآمدات میں سب سے بڑا ملک مانا جاتا ہے تاہم مودی حکومت نے برآمدات میں کمی کردی ہے۔
یہی وجہ ہے کہ خلیجی ممالک سمیت دنیا کے مختلف ملکوں نے چاول کی درآمدات کیلئے پاکستان کے علاوہ دیگر ممالک کی طرف توجہ دی ہے۔
ماہرین نے کہا ہے کہ پاکستانی چاول بھارتی چاولوں کے مقابلے میں زیادہ مہنگے ہیں۔
پاکستانی چاولوں کی برآمدات کے ادارے کا کہنا ہے کہ توقع ہے کہ رواں سال کے دوران چاولوں کی برآمدات میں 50 لاکھ میٹر ٹن اضافہ ہوگا۔ اس سے قبل پاکستانی چاولوں کی برآمدات 37 لاکھ میٹر ٹن تک محدود تھی۔
اندازے کے مطابق پاکستانی چاولوں کی برآمدات 2.1 ارب ڈالر سے بڑھ کر 3 ارب ڈالر تک پہنچ جائے گی۔