عوامی مسلم لیگ ( اے ایم ایل ) کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر شیخ رشید احمد نے این اے 56 میں پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے امیدوار شہریار ریاض کے حوالے سے بڑا دعویٰ کر دیا۔
سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید احمد کے آفیشل ہینڈل پر ان کا ایک ویڈیو بیان شیئر کیا گیا ہے جس میں انہوں نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کے خلاف راولپنڈی کے حلقہ این اے 56 سے الیکشن لڑنے والے پی ٹی آئی کے ٹکٹ ہولڈر شہریار ریاض نے 3 کروڑ روپے میں ٹکٹ خریدا ہے۔
اپنے ویڈیو بیان میں شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ میں اللہ کو حاضر ناظر جان کر کہتا ہوں کہ شہریار ریاض نے 3 کروڑ روپے کا ٹکٹ خریدا ہے، انشاٗ اللہ ان کو قلم دوات کی مار پڑے گی۔
فرزند پاکستان شیخ رشید احمد کے انکشافات pic.twitter.com/taD0BwYfCg
— Sheikh Rashid Ahmed (@ShkhRasheed) January 31, 2024
دوسری جانب انسداد دہشت گردی عدالت نے سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کے جوڈیشل ریمانڈ میں 6 فروری تک توسیع کر دی ہے۔
بدھ کے روز سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ مکمل ہونے پر راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش کیا گیا جہاں ان کی جانب سے سپریٹنڈنٹ اڈیالہ جیل اسد وڑائچ کے خلاف دائر توہین عدالت کی درخواست پر بھی سماعت ہوئی۔
سماعت کے دوران سپریٹنڈنٹ اڈیالہ جیل اسد وڑائچ بھی انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش ہوئے۔
عدالت نے احکامات نہ ماننے پر سپریٹنڈنٹ جیل پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آپ احکامات پر عملدرآمد نہیں کر رہے ، جو حکم دیا جائے اس پر عملدرآمد ہونا چاہیئے۔
بعدازاں عدالت نے شیخ رشید احمد کے جوڈیشل ریمانڈ میں چھ فروری تک اضافہ کر دیا اور انکی درخواست پر ان کو چار بجے تک عدالت میں میں رکنے کی اجازت بھی دی۔
علاوہ ازیں سربراہ عوامی مسلم لیگ کیخلاف مقدمہ کا چالان عدالت میں پیش کر دیا گیا ہے اور 6 فروری سے کیس کا ٹرائل شروع ہوگا جبکہ سماعت اڈیالہ جیل میں ہی ہوگی۔
خیال رہے کہ سابق وفاقی وزیر حساس ادارے کے دفتر پر حملے کے کیس میں گرفتاری کے بعد اڈیالہ جیل میں قید ہیں۔