بین الااقومی سطح پر شہرت حاصل کرنے والے پاکستان کے معروف گلوکار راحت فتح علی خان کی ملازم پر تشدد کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد برطانوی کنگ چارلس کی چیرٹی برٹش ایشین ٹرسٹ نے ان سے وابستگی ختم کردی۔
واضح رہے کہ چند روز قبل نامور گلوکار راحت فتح علی خان کی اپنے ملازم پر تشدد کی فوٹیج منظرعام پر آئی تھی جس پر انہیں سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔
تاہم، راحت فتح علی خان نے ملازم پر تشدد کو استاد شاگرد کامعاملہ قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ استاد شاگرد کارشتہ ایسا ہے کہ شاگرد غلطی کرے تو اسے سزابھی دینا پڑتی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ویڈیو وائرل ہونے کے بعد کنگ چارلس کی چیرٹی برٹش ایشین ٹرسٹ نے بھی گلوکار سے تعلقات منقطع کر لئے ہیں۔
اس حوالے سے ترجمان برٹش ایشین ٹرسٹ کا کہنا تھا کہ راحت فتح علی خان کی ویڈیو دیکھ کر ان کے ساتھ وابستگی ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جیسے بھی حالات ہوں لیکن تشدد ناقابل برداشت ہے اور ہم بدسلوکی کے خلاف ہیں۔
یاد رہے کہ کنگ چارلس نے 2017 میں ٹرسٹ کے عشائیے میں راحت فتح علی خان کو ٹرسٹ کا سفیر مقرر کیا تھا۔