سیمنٹ کی برآمدات میں جاری مالی سال کے پہلے 7 ماہ میں سالانہ بنیادوں پر 90 فیصد کانمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
آل پاکستان سیمنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے اعدادوشمار کے مطابق مالی سال کے پہلے 7 ماہ میں4.09 ملین میٹرک ٹن سیمنٹ کی برآمدات ریکارڈ کی گئیں جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 90 فیصد زیادہ ہے۔
گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 2.15 ملین میٹرک ٹن سیمنٹ کی برآمدات ریکارڈکی گئی تھی۔ جنوری میں 0.44 ملین میٹرک ٹن سیمنٹ کی برآمدات کا اندازہ لگایا گیا ہے جو گزشتہ جنوری کے مقابلہ میں 5 فیصد زیادہ ہے۔ گزشتہ سال جنوری میں 0.42ملین میٹرک ٹن سیمنٹ کی برآمدات ریکارڈکی گئی تھی۔
اعدادوشمار کے مطابق مالی سال کے پہلے 7 ماہ میں مقامی کھپت میں 2 فیصد کی کمی ہوئی ہے۔ مالی سال کےپہلے 7 ماہ میں 23.17 ملین میٹرک ٹن سیمنٹ کی مقامی کھپت ریکارڈکی گئی جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 23.62 ملین میٹرک ٹن تھی۔ رپورٹ کے مطابق جنوری میں سیمنٹ کی مقامی کھپت 2.94 ملین میٹرک ٹن کا اندازہ ہے جو گزشتہ سال جنوری کے مقابلہ میں 18 فیصد کم ہے۔ گزشتہ سال جنوری میں 3.5 ملین میٹرک ٹن سیمنٹ کی مقامی کھپت ریکارڈ کی گئی تھی۔
سیمنٹ کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ
دوسری جانب ملک میں سیمنٹ کی ریٹیل قیمت میں گزشتہ ہفتے کے دوران کمی ریکارڈ کی گئی۔ پاکستان بیورو برائے شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق 11 جنوری کو ختم ہونے والے ہفتے میں ملک کے شمالی علاقوں میں سیمنٹ کی فی بوری کی اوسط ریٹیل قیمت 1238 روپے ریکارڈ کی گئی جو پیوستہ ہفتے کے 1246 روپے کے مقابلہ میں 0.57 فیصد کم ہے۔