اسلام آباد ہائیکورٹ نے توشہ خانہ اور 190 ملین پاؤنڈ نیب ریفرنسز میں بانی پی ٹی آئی کی ضمانت درخواست پر وکلاء کو 7 دنوں میں رجسٹرار آفس کے اعتراضات دور کرنے کی ہدایت کردی۔
سابق وزیراعظم اور بانی پی ٹی آئی کی 190 ملین پاؤنڈ کیس میں ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست پر اعتراضات کے ساتھ سماعت اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس طارق محمود جہانگیری نے کی
درخواستگزار کے وکیل نے اعتراض دور کرنے کیلئے مہلت کی استدعا کی جسے عدالت نے منظور کرتے ہوئے ایک ہفتے کا وقت دے دیا۔
دوسری جانب بانی پی ٹی آئی کی توشہ خانہ نیب ریفرنس میں ضمانت کی درخواست پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات کے ساتھ سماعت جسٹس ارباب محمد طاہر اور جسٹس ثمن رفعت امتیاز پر مشتمل ڈویژن بینچ نے کی۔
پٹیشنر کے وکیل نے عدالت سے اعتراض دور کرنے کیلئے مہلت طلب کی۔ عدالت نے استدعا منظور کرتے ہوئے 7 دنوں میں آفس اعتراضات دور کرنے کی ہدایت کردی۔