وزیراعظم کے معاون خصوصی اوورسیز کے دورہ کے دوران قطر کی دس بڑی کمپنیوں کیساتھ پاکستانیوں کو روزگار دینے کیلئے معاہدوں پر دستخط ہوگئے۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی اوورسیز کے دورہ قطر میں بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے ،دس بڑی قطری کمپنیاں پاکستانیوں کو روزگار دینے کو تیار ہو گئیں ، جن کے ساتھ معاہدوں پر دستخط ہوگئے۔
معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانیز جواد سہراب ملک نے قطر میں ، 10 بڑی کمپنیوں سے پاکستانیوں کو ملازمتیں دینے کے معاہدے کر لئے ۔ ان کا کہنا تھا قطر میں ملازمتوں کیلئے بھرتیاں جلد شروع ہوں گی ، پاکستانیوں کو قطر میں تعمیرات ، توانائی ، صحت ، سروسز اور ہوٹلنگ سمیت دیگر شعبوں میں ہزاروں نوکریاں ملیں گی ۔
یہ بھی پڑھیں :۔قطر سے ترسیلات زر میں 7 فیصد اضافہ
پہلی بار قطری کمپنیوں کے حکومت پاکستان کے ساتھ روزگار کی فراہمی کے معاہدے طے پائے ہیں ۔ جن قطری کمپنیوں کے ساتھ معاہدوں پر دستخط کئے گئے ان میں دیار ، بن لادن کنسٹرکشن ، حماد بن خالد کنٹریکٹنگ ، علی بن قاسم ثانی ، جے ایم جے ہولڈنگ ، طبیب کیئر میڈیکل سروسز اور الرونق انٹرنیشنل کمرشل پروجیکٹس شامل ہیں ۔
معاون خصوصی جواد سہراب ملک نےسماء کو بتایاکہ ہر قطری کمپنی ایک ہزار سے 10 ہزار تک پاکستانیوں کو روزگار فراہم کرے گی ۔ ایک کمپنی تو 3 ہزار نرسز اور سیکڑوں ڈاکٹرز کی بھرتیاں فوری شروع کر دے گی ۔