انڈونیشیا میں خاتون ٹک ٹاکر کو خنزیر کا گوشت کھانے سے قبل ’’ بسمہ اللہ ‘‘ پڑھ کر ویڈیو پوسٹ کرنے کے جرم میں دو سال قید کی سزا سنادی گئی۔
غیر ملکی میڈیارپورٹس کے مطابق 33 سالہ لینا لطفیاوتی نامی ٹک ٹاکر نے خنزیرکا گوشت کھانے سے پہلے بسمہ اللہ پڑھا تھا اور اس دوران وہ ساتھ ساتھ ویڈیو بھی بناتی رہی جو کہ اس نے اپنے اکاؤنٹ پر پوسٹ کی اور وہ وائرل ہوگئی۔
عدالت کی جانب سے خاتون ٹک ٹاکر کو مذہبی افراد اور گروہوں کے خلا ف نفرت بھڑکانے کا مجرم قرار دیتے ہوئے دو سال قید اور 16ہزار 245 ڈالر جرمانے کی سزا سنائی گئی ہے جبکہ جرمانہ ادا نہ کرنے پر قید کی مدت میں تین ماہ کی توسیع ہوسکتی ہے۔
بالی ووڈ فلموں سے محبت کی وجہ سے ہندوستانی نام لینا مکھرجی اختیار کرنے والی لینا لطفیاوتی مسلمان ہیں اور اسلام میں خنزیر کا گوشت کھانا سختی سے حرام ہے۔
خاتون ٹک ٹاکر نے مارچ میں ویڈیو پوسٹ کی تھی اور اس کا کہنا ہے کہ اس نے تجسس کی وجہ سے خنزیر کاگوشت کھایا۔
خیال رہے کہ لینا لطفیاوتی انڈونیشیا کی نامور ٹک ٹاکر ہیں اور ان کے ٹک ٹاک پر ملین کی تعداد میں فالوورز ہیں۔