اسلام آباد ہائیکور ٹ نے عدالتی حکم کے باوجود سیاسی رہنماؤں کی ایم پی او کے تحت گرفتاریوں کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد اور ایس ایس پی کیخلاف توہین عدالت کیس کی سماعت روزانہ کی بنیاد پر کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جج جسٹس بابر ستار نے کیس کی سماعت کی۔ ایس ایس پی جمیل ظفر کی جانب سے شاہ خاور ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے اور سماعت فروری کے دوسرے ہفتے تک ملتوی کرنے کی استدعا کی۔
جسٹس بابر ستار نے ریمارکس دئیے ہم اس ٹرائل کی روزانہ کی بنیاد پر سماعت کرنا چاہتے ہیں۔ اسی ہفتے میں کیس سنیں گے۔ سارا کیس دستاویزات کا ہے۔ آپ نے جتنی تیاری کرنی ہے کرلیں۔ اسی ہفتے کیس مکمل کرینگے۔
عدالت نے اڈیالہ جیل اور ڈی سی راولپنڈی کے ریکارڈ کیپر کے بھی ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کردئیے گئے جبکہ ڈی سی راولپنڈی اور سپریٹننڈنٹ اڈیالہ جیل کو بھی نوٹس جاری کردئیے گئے۔
جسٹس بابر ستار نے کہا مجھے قانون اور قانونی طریقہ پتہ ہے۔ آپ اپیل میں چلے جائیے گا۔ ٹرائل ایسے نہیں چلتا کہ ایک دن چلے اور پھر ایک مہینے کے بعد سماعت ہو۔ وکیل شاہ خاور نے کہا کہ ہوسکتا ہے پھر میں اس کیس کی نمائندگی نہ کرسکوں۔ عدالت نے کیس کی سماعت کل صبح ساڑھے 9 بجے تک ملتوی کردی۔