پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور وکٹ کیپر بیٹر سرفراز احمد نے پاکستان چھوڑنے کے حوالے سے زیر گردش خبروں کی سختی سے تردید کر دی۔
واضح رہے کہ بعض میڈیا رپورٹس کی جانب سے ذرائع کے حوالے سے یہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ سابق کپتان سرفراز احمد نے دل برداشتہ ہو کر ملک چھوڑ دیا ہے اور وہ اپنی فیملی سمیت برطانوی دارالحکومت لندن منتقل ہو گئے ہیں۔
رپورٹس میں یہ دعویٰ بھی کیا گیا کہ سرفراز مستقبل سے مایوس ہونے کے باوجود قومی کرکٹ سے تعلق برقرار رکھنے کے خواہاں ہیں اور وہ پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل ) سیزن 9 کے میچز میں شرکت کیلیے پاکستان آئیں گے۔
یاد رہے کہ سرفراز احمد پی ایس ایل 9 میں بھی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کریں گے۔
تاہم، ہفتہ کو سماء ڈیجیٹل سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے سرفراز احمد نے زیر گردش خبروں کی سختی سے تردید کی اور رد عمل میں کہا کہ ’’ ایسی من گھڑت خبریں چلانے سے قبل تصدیق کرلینی چاہیے ‘‘۔
اپنے رد عمل میں سرفراز احمد کا مزید کہنا تھا کہ ’’ میں پاکستان سے جانے کا سوچ بھی نہیں سکتا، پہلی مرتبہ تو ٹیم سے ڈراپ نہیں ہوا، ایسی خبریں دیکھ کر دکھ ہوا ‘‘۔
خیال رہے کہ سرفراز احمد کا شمار پاکستان کرکٹ ٹیم کے کامیاب کپتانوں میں ہوتا ہے اور انکی قیادت میں قومی ٹیم نے چیمپیئنز ٹرافی بھی جیتی تھی۔
سماء ڈیجیٹل کی رپورٹ کے مطابق سرفراز احمد کے فیملی ممبران برطانیہ اور امریکا میں مقیم ہیں جو کہ پاکستان آتے جاتے ہیں اور سرفراز بھی وہاں جاتے رہتے ہیں تاہم ان کا وہاں مستقل قیام کا کوئی ارادہ نہیں۔