استحکام پاکستان پارٹی کے صدرعبدالعلیم خان نے کہا ہےکہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو عدالتی فیصلوں کا احترام کرنا چاہئے،شاہدرہ کے مسائل حل کرنا ہماری ذمہ داری ہے، انشاء اللہ اللہ نے موقع دیا تو تمام مسائل حل کریں گے۔
استحکام پاکستان پارٹی کے صدرعبد العلیم خان نے داتا دربار پر حاضری دے کر این اے ایک سوسترہ سےباقاعدہ انتخابی مہم کا آغاز کردیا۔داتا کی نگری سے شاہدرہ تک صدر آئی پی پی کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔عبدالعلیم خان ریلی کے ہمراہ شاہدرہ پہنچے، بتی چوک، جی ٹی روڈ ،راوی پل، ٹول پلازہ اوربند روڈ کابھی دورہ کیا،اس موقع پر شہریوں کا جم غفیر موجودہ تھا، گھوڑوں کا رقص بھی ہوا۔
این اے 117 کی پی پی 146 کے امیدوارغزالی بٹ نےراوی پل پرعبدالعلیم خان کااستقبال کیا،اس موقع پر عبدالعلیم خان شہریوں میں گھل مل گئے، نعروں کا جواب دیتے رہے،ہاتھ ملائے، شہری ان پر گل پاشی کرتےرہے،سارا علاقہ نعروں سے گونج اٹھا ۔
عبدالعلیم خان نےغزالی سلیم بٹ کے ہمراہ پی پی 146 کےمرکزی دفتر کا افتتاح کیا، اورعوام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موقع ملاتوشاہدرہ کےعوام کومایوس نہیں کروں گا،ترقی کےلحاظ سےشاہدرہ کوباقی لاہور کے برابر لائیں گے،شاہدرہ لاہورکاداخلی دروازہ ہے،اسےخوبصورت بنائیں گے۔
قبل ازیں صدر آئی پی پی عبدالعلیم خان نےملک بھر میں 8 فروری کو شیڈول عام انتخابات کیلئے الیکشن مہم کا آغازاین اے ایک سوسترہ سے انتخابی مہم کاباقاعدہ آغاز کیا۔ انہوں نے مزار پر چادر پوشی کرکے حاضری دی۔اور ملک و قوم کی سلامتی کیلئے خصوصی دعائیں مانگیں۔
میڈیا سے گفتگو میں عبد العلیم خان نے کہا کہ داتا دربارحاضری دے کر الیکشن مہم کا آغاز کیا ہے،پاکستان کی سلامتی کے لیے دعا کی ہے،این اے 117 بھی لاہور شہر کا حصہ ہے،امید ہے یہاں سے بھی باقی حلقوں کی طرح محبت ملے گی۔
انہوں نے کہاکہ غریب عوام کا جینا مشکل،اوریہ طبقہ پستا جارہا ہے،ان کیلئے روزمرہ اخراجات برداشت کرنا ناممکن ہورہا ہے،لوگوں کودیکھ کریقین نہیں آتا کہ یہ زندہ کیسے رہ رہے ہیں،ایک کمرے میں 14، 14افراد رہ رہے ہیں۔
عبد العلیم خان نے کہا کہ غریب افراد کا زیادہ تربجٹ 300 یونٹ سے نیچے ہوتا ہے،کسان کیلئے ٹیوب ویل کی بجلی فری کردیں تو بہت سہولت ہوگی۔