ایران کے میزائل حملے کے جواب میں پاکستان کی جانب سے اگلے ہی روز بھرپور جواب دے دیا گیا۔
ترجمان دفترخارجہ کے مطابق پاکستانی سیکیورٹی فورسز نے آج صبح ایران کے صوبے سیستان و بلوچستان میں کارروائی کی، ایران کی حدود میں کالعدم تنظیموں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا ہے، پاکستانی حملے میں کالعدم بی ایل اے اور بی ایل ایف کے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔
اعلامیے کے مطابق پاکستان نے ایران کے صوبے میں دہشت گرد تنظیموں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا، مرگ بر سرمچار نامی آپریشن انتہائی مربوط اور فوجی حملہ تھا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن کے دوران متعدد دہشت گرد مارے گئے، ایران میں غیرحکومتی جگہوں پر دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہیں ہیں، ایران میں بیٹھے یہ پاکستانی نژاد دہشت گرد خود کو سرمچار کہتے ہیں۔ پاکستان نے ان پناہ گاہوں کے بارے میں تحفظات کا مسلسل اظہار کیا۔
اعلامیے کے مطابق پاکستان کئی برسوں سے ایران کے ساتھ روابط میں مسلسل تحفظ کا اظہار کیا، دہشت گردوں کی موجودگی اور سرگرمیوں کے ٹھوس شواہد متعدد ڈوزیئر کے ساتھ شیئر کئے، خدشات پر عمل نہ ہونے کی باعث نام نہاد سرمچار بے گناہ پاکستانیوں کا خون بہاتے رہے، ان نام نہاد سرمچاروں کی جانب سے دہشت گردی کی بڑی کارورائی کی اطلاع تھی۔ آج صبح کی کارروائی مصدقہ انٹیلی جنس کی روشنی میں کی گئی۔
پاکستان ایران کی خودمختاری کا مکمل احترام کرتا ہے،ترجمان
ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ کا مزید کہنا تھا کہ یہ کارروائی قومی سلامتی کے تحفظ اور دفاع کے غیر متزلزل عزم کا مظہر ہے، انتہائی پیچیدہ کامیاب آپریشن مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت کا منہ بولتا ثبوت ہے، پاکستان اپنے عوام کے تحفظ اور سلامتی کے لیے تمام ضروری اقدامات کرتا رہے گا۔
بیان کے مطابق عوام کا تحفظ کے ایک مقدس فریضہ ہے جس سے صرف نظر نہیں کیا جاسکتا، پاکستان کی سلامتی اور قومی مفاد پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایران کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا مکمل احترام کرتا ہے، آج کی کارروائی کا واحد مقصد پاکستان کی اپنی سلامتی اور قومی مفاد کا حصول تھا۔
ایرانی میڈیا کی پاک فوج کی ایران میں کارروائی کی تصدیق
ایرانی میڈیا پریس ٹی وی کےمطابق پاکستان کی جانب کی جانے والی کارروائی میں 7 غیرملکیوں کی ہلاکت ہوئی ہے،ایرانی سکیورٹی حکام نےتصدیق کرتےہوئےکہا جمعرات کی صبح پاکستان کی سرحد کے قریب صوبہ سیستان اور بلوچستان کے جنوب مشرقی شہر سراوان کے آس پاس کے مختلف علاقوں میں متعدد دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔
پاک ایران کشیدگی پرقومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس جلد بلائے جانے کا امکان،ذرائع
ذرائع کےمطابق وزیراعظم کی واپسی پراجلاس کی تاریخ کا تعین کیا جائے گا،اجلاس میں اعلیٰ عسکری اورسول قیادت شرکت کرے گی،قومی سلامتی امور،پاک ایران کشیدہ تعلقات کےتناظر میں اہم فیصلےکیےجائیں گے۔
چین کی پاکستان اور ایران کے درمیان ثالثی کا کردار ادا کرنے کی پیش کش
وزارت خارجہ کی ترجمان ماؤ ننگ نے بریفنگ کے دوران کہا چین کو امید ہے کہ دونوں فریق تحمل کا مظاہرہ کریں گے اورباہمی تعلقات مزید کشیدہ ہونے روکیں گے۔ اگر دونوں فریق چاہیں تو چین دونوں ممالک کے درمیان ثالثی کا کردار ادا کرنے کیلئے تیار ہے۔
ایران کے پاکستان اورعراق پر حملوں کی مذمت کرتے ہیں، امریکا
امریکا نے ایران کے پاکستان اورعراق پر حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم دیکھ رہے ہیں ایران جنوبی سرحدوں پر خلاف ورزی کررہا ہے،خاص طور پر ہمسائیہ ممالک کے ساتھ۔
ترجمان امریکی محکمہ خارجہ میتھیو ملر نے کہا ہے کہ ہم خطے میں تنازع کو پھیلتا نہیں دیکھنا چاہتے،اور کوئی بھی ملک نہیں چاہتا کہ تنازعہ مزید بڑھے۔امریکا ایران کے پاکستان اورعراق پر حملوں کی مذمت کرتا ہے۔