ووٹرزکوایک پیج پرلانا تو دور پاکستان تحریک انصاف خود ایک پیج پر نہ رہی، پی ٹی آئی کےبڑےرہنماؤں میں پھوٹ پڑگئی۔
پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان رؤف حسن اور سینئر رہنما حامد خان کی جانب سے شیر افضل مروت کا پی ٹی آئی سے کوئی تعلق نہ ہونے کے بیان پر شیر افضل مروت نے پہلے ٹویٹر پر شکوہ جواب شکوہ جاری رکھا۔ آخردلبرداشتہ ہوکرسندھ کی انتخابی مہم ادھوری چھوڑنے کا اعلان کردیا۔
شیرافضل مروت نے ٹویٹر پیغام میں رؤف حسن پر الزام لگایا کہ پی ٹی آئی کا جے یو آئی شیرانی سے اتحاد کا معاہدہ ہوچکا تھا۔رؤف حسن نے ہی وہ معاہدہ ختم کرایا۔۔
انہوں نے لکھا کہ رؤف حسن بانی چیئرمین کے مخالف صحافیوں کو ٹکٹ دلوانا چاہتا ہے۔درحقیقت یہ شخص نگران حکومت میں اپنے بھائی فواد حسن فواد کے لیے کام کرتا ہے ۔دوسرے ٹویٹ میں حامد خان اور رؤف حسن کو ذہنی بیمار قرار دیتے ہوئے اُن کے بیانات سے دلبرداشتہ ہو کر سندھ کی انتخابی مہم ادھوری چھوڑنے کا اعلان کردیا۔
شیرافضل مروت نے ٹویٹر پیغام میں لکھا پہلے مجھے قانونی ٹیم سے باہر کیا گیا اب مجھے انتخابی مہم سے باہر کرنا چاہتے ہیں۔ قیادت میں ہمت ہے تو خود میدان میں آئیں اور الیکشن مہم چلا کر دکھائیں۔ جب تک بانی چیئرمین خود ان معاملات کو حل نہیں کرتے، تب تک انتخابی مہم نہیں چلاؤں گا۔