ملک بھر میں 8 فروری کو انتخابات ہونے جارہے ہیں جس کیلئے تمام سیاسی جماعتوں نے آستینیں چڑھا لی ہیں زور و شور سے سیاسی سرگرمیوں کا آغاز کر دیاہے ، تحریک انصاف بلے کا نشان کھونے کے بعد ریزہ ریزہ ہو چکی جبکہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی میں گھمسان کارن پڑنے کا امکان ہے تاہم ا س گہما گہمی میں الیکشن 2024 کے سب سے امیر ترین امیدوار کے اثاثے اور نام سامنے آ گیاہے جو کہ یقینی طور پر آپ کیلئے باعث حیرت ہو گا۔
سوشل میڈیا شورو غل برپا ہے کہ الیکشن 2024 کے امیر ترین سیاستدانوں میں سب سے پہلے نمبر پر پیپلز پارٹی کے صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی ایس 1 سے امیدوار ہیں جن کا نام ’ شیر محمد مغیری ‘ ہے، ان کے اثاثوں کی مالیت تقریبا 5 ارب سے زائد ہے ۔ان کے درجنوں کمرشل پلاٹس، قیمتی گاڑیاں اور بنگلے کراچی، اسلام آباد اور جیکب آباد میں ہیں۔ متحدہ عرب امارات میں کاروباری کمپنیاں، اپارٹمنٹس اور دکانیں بھی موجود ہیں۔شیر محمد مغیری کا نام جعلی اکاؤنٹس میں ای سی ایل پر رکھا گیا تھا۔ نیب اور جے آئی ٹی نے شیر محمد مغیری کو جعلی اکاؤنٹس کیس تحقیقات میں شامل کیا تھا۔
علاوہ ازیں شیر محمد مغیری نے محکمہ آبپاشی میں 4 ارب 82 کروڑ کے 36 کنٹریکٹ وصول کیے۔ شیر محمد مغیری پر 53 ٹرانزیکشن کے ذریعے 14 کروڑ 60 لاکھ روپے جعلی اکاؤنٹ میں منتقل کرنے کا الزام تھا۔