جنوبی افریقا کے وکٹ کیپر بیٹر ہینری کلاسن نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی ) کی ایک رپورٹ کے مطابق جنوبی افریقا کے وکٹ کیپر بیٹر ہینرک کلاسن ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائر ہو گئے ہیں لیکن وہ وائٹ بال فارمیٹس کے لیے دستیاب رہیں گے۔
ہینرک کلاسن کی جانب سے پیر کے روز ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا گیا۔
کلاسن نے اپنے کیریئر کے دوران چار ٹیسٹ کھیلے، انہوں نے 2019 میں رانچی میں ہندوستان کے خلاف ڈیبیو کیا تھا اور آخری بار 2023 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف اپنی ٹیم کی نمائندگی کی۔
انہوں نے اپنے چار میچوں میں 13 کی اوسط سے 104 رنز بنائے جبکہ ان کا سب سے زیادہ سکور آسٹریلیا کے خلاف سڈنی میں 35 رنز تھا۔
اس حوالے سے اپنے ایک بیان میں کلاس نے کہا کہ وہ اپنے پسندیدہ فارمیٹ سے ریٹائر ہو رہے ہیں لیکن محدود اوورز کے کھیل میں اپنا کیرئیر جاری رکھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ کافی سوچنے کے بعد کہ کیا میں صحیح فیصلہ کر رہا ہوں میں نے ریڈ بال کرکٹ سے ریٹائر ہونے کا فیصلہ کیا، یہ ایک مشکل فیصلہ ہے جو میں نے لیا ہے کیونکہ یہ اب تک کھیل کا میرا پسندیدہ فارمیٹ ہے۔
View this post on Instagram
ان کا کہنا تھا کہ یہ بہت اچھا سفر رہا ہے اور مجھے خوشی ہے کہ میں اپنے ملک کی نمائندگی کر سکتا تھا، میری ٹیسٹ کیپ اب تک کی سب سے قیمتی کیپ ہے۔
دوسری جانب کلاسن کے مداحوں کی جانب سے انکی ٹیسٹ ریٹائرمنٹ پر افسردہ ردعمل سامنے آیا تاہم انہوں نے وائٹ بال کرکٹ میں ان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔