آسٹریلیا کےرواں ماہ دورہ پاکستان کی تاریخوں کا اعلان کردیا گیا،تین ٹی ٹوئنٹی میچز قذافی اسٹیڈیم میں ہوں گے۔
آسٹریلیاکی کرکٹ ٹیم کےرواں ماہ دورہ پاکستان کی تاریخوں کا اعلان کردیا گیا،آسٹریلوی ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ 28 جنوری کو لاہورپہنچےگا،جہاں پاکستان اور آسٹریلیا کےدرمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچزکھیلےجائیں گے، تمام میچز قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلےجائیں گے۔
سیریزکا پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ 29 جنوری،دوسرا 31 جنوری جبکہ تیسرا اورآخری میچ یکم فروری کو شیڈول ہے۔ یہ ٹی ٹوئنٹی سیریز آئندہ ماہ ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی تیاریوں کا حصہ ہے۔ یہ آسٹریلیا کا مارچ 2022 کے بعد پاکستان کا تیسرا دورہ ہوگا،جو دونوں ممالک کے درمیان مضبوط کرکٹ تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کےچیف آپریٹنگ آفیسرسمیر احمد سید نےکہا ہےکہ آسٹریلیا کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کی میزبانی کے لیےپی سی بی پُرجوش ہے،یہ سیریز پاکستانی شائقینِ کرکٹ کے لیےسال کا شاندار آغاز ثابت ہوگی،تمام شیڈول میچز قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جائیں گے،جہاں شائقین کو اعلیٰ معیار کی کرکٹ دیکھنے کا موقع ملے گا۔





















