ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 سے قبل ویزا کے سنگین مسائل سامنے آ گئے ہیں، جہاں پاکستانی نژاد کھلاڑیوں کو بھارت کے ویزے جاری نہ ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ ذرائع کے مطابق امریکا کی ٹیم میں شامل چار پاکستانی نژاد کھلاڑیوں کے بھارتی ویزے مسترد کر دیے گئے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی نژاد علی خان، شایان جہانگیر، محمد محسن اور احسان عادل کو تاحال بھارتی ویزے جاری نہیں کیے گئے۔ اس پیش رفت کے باعث آئی سی سی کے وہ دعوے بھی سوالیہ نشان بن گئے ہیں، جن میں تمام ٹیموں کو بروقت بھارتی ویزے ملنے کی یقین دہانی کروائی گئی تھی۔
مزید بتایا گیا ہے کہ صرف امریکا ہی نہیں بلکہ یو اے ای، عمان، اٹلی اور کینیڈا کی ٹیموں میں شامل پاکستانی نژاد کھلاڑیوں کو بھی ویزا مسائل کا سامنا ہے۔ ذرائع کے مطابق پاکستانی پاسپورٹ رکھنے یا پاکستان سے تعلق رکھنے والے کرکٹرز کو بھارتی ویزا کے حصول میں شدید مشکلات پیش آ رہی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی سی سی نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے قبل تمام شریک ٹیموں کو ویزا مسائل کے حل کی یقین دہانی کروائی تھی۔





















