چیئر مین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے مسلم لیگ (ن) سے لیول پلیئنگ فیلڈ کا مطالبہ کیا ہے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا پیپلزپارٹی کے سینٹرل ایگزیکٹیو کمیٹی (سی سی سی) میں ہم نے اپنے اعتراضات کے حوالے سے سابق صدر آصف علی زرادی کو اختیار دیدیا ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ قائد ن لیگ نوازشریف کی واپسی کا خیرمقدم کرتے ہیں، وہ سیاست کریں اور ہماری طرح اپنے مقدمات کا سامنا کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام کا مسئلہ مہنگائی ہے جو تاریخی سطح پر پہنچ گئی ہے، اسکولوں کی فیس، اسپتالوں کے اخراجات برداشت کرنا مشکل ہوچکا ہے، عوام کوروڈ میپ کی ضرورت ہے، ایک منتخب حکومت کی ضرورت ہے جوعوام کو ریلیف کی پالیسی دے سکے۔
سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر بل سے متعلق بلاول بھٹو نے کہا کہ جو کیس سپریم کورٹ میں چل رہا ہے یہ پارلیمان کے حوالے سے بہت اہم ہے، فل کورٹ کی جانب سے اس کیس کو سننا بھی اہم ہے۔
سابق وزیرخارجہ نے کہا کہ کینیڈا میں جو قتل کیا گیا ہے اس پر دفترخارجہ کو کھل کر بات کرنی چاہیے،یہ صرف کینیڈا کے قانون کی خلاف ورزی نہیں ہوئی ہے بلکہ دینا بھر کے قوانین کی خلاف ورزی ہوئی ہے۔