پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی ) نےسینیٹ میں انتخابات کےالتواکےحق میں قرارداد کی منظوری کے دوران کورم کی نشاندہی نہ کرنےاپنے سینیٹر گردیپ سنگھ کونوٹس جاری کردیا۔
سیکریٹری جنرل تحریک انصاف عمرایوب کی جانب سےجاری کیے گئے نوٹس میں سینیٹرگردیپ سنگھ سے3روزکےاندرتحریری طورپرجواب طلب کیا گیا۔
سینیٹرگردیپ سنگھ کو جاری کیے نوٹس میں کہا گیا ہے کہ آپ ایوان بالا میں قرارداد کی منظوری کے دوران موجودتھے،آپ نے انتخابات کے التوا کیلئے آنے والی قرارداد کی مخالفت کیوں نہیں کی؟اوراس بات کی بھی وضاحت کریں کہ ایوان میں موجودہوتےہوئےکورم کی نشاندہی کیوں نہیں کی؟
یہ بھی پڑھیں:۔سینیٹ میں عام انتخابات 2024ء ملتوی کرنے کی قرارداد کثرت رائے سے منظور
شوکاز نوٹس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ تسلی بخش جواب نہ ملنےکی صورت میں آپ کیخلاف کارروائی ہوگی۔
واضح رہے کہ سینیٹ کی جانب سے ملک میں عام انتخابات 2024ء ملتوی کرنے کی قرارداد کثرت رائے سے منظور کرلی گئی ہے۔
جمعہ کو چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں سینیٹر دلاور خان کی جانب سے عام انتخابات 2023 ملتوی کرنے سے متعلق قرارداد پیش کی گئی جسے اکثریت رائے سے منظور کر لیا گیا۔