ملک میں ہفتہ وار مہنگائی مسلسل دوسرے ماہ 40 فیصد سے بلند سطح پر برقرار ہے۔ ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ گزشتہ ہفتے بھی مہنگائی میں 0.81 فیصد اضافہ ہوا جو سالانہ بنیاد پر 42.86 فیصد رہی، 19 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کی اگیا۔
ادارہ شماریات نے ہفتہ وار مہنگائی کی رپورٹ جاری کردی، جس کے مطابق مہنگائی مسلسل دو ماہ سے 40 فیصد سے بلند سطح پر برقرار ہے، گزشتہ ہفتے مہنگائی 0.81 فیصد اضافے سے سالانہ بنیاد پر 42.86 فیصد رہی۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ ہفتے 19 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، چکن، ٹماٹر، انڈے، پیاز، کیلے، دال چنا، چینی، دال مونگ، ایل پی جی گیس اور جلانے کی لکڑی کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتے آلو، چائے، لہسن، کوکنگ آئل اور گھی سستا ہوا، دال ماش، گندم کا آٹا بھی نسبتا سستا ہوا۔
ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ سالانہ بنیاد پر ٹماٹر 94 فیصد، مرچ 82 فیصد، لہسن 68 فیصد مہنگا، گندم کا آٹا 65 فیصد تک مہنگا ہوا، گزشتہ سال کی نسبت چینی 58 فیصد، چاول 54 فیصد مہنگے ہوئے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ ایک سال میں گیس چارجز 1108 فیصد تک بڑھ گئے، ایک سال میں سگریٹ کی قیمتوں میں 93 فیصد اضافہ ہوا۔