شمالی کوریا نے مغربی ساحل سے جنوبی جزیرے یون پیونگ کی طرف 200 سے زیادہ آرٹلری شیلز فائر کردیئے۔
غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جنوبی کورین فوج کا کہنا ہے کہ شمالی کوریا نے جنوبی جزیرے یون پیونگ کی طرف 200 سے زیادہ آرٹلری شیلز فائر کیے ہیں جن کے بعد شہریوں کو انخلاء کا انتباہ جاری کر دیا گیا ہے۔
جنوبی کوریا نے اس اقدام کی مذمت کرتے ہوئے اسے اشتعال انگیز عمل بھی قرار دیا ہے۔
جمعہ کے روز داغے گئے گولے جنوبی کوریا کے علاقے میں داخل نہیں ہوسکے اور دونوں ممالک کے درمیان بفر زون میں گرے۔
جنوبی کوریا کے جوائنٹ چیفس آف اسٹاف نے کہا کہ اس واقعے سے ہمارے لوگوں یا فوج کو کوئی نقصان نہیں پہنچا لیکن یہ عمل جزیرہ نما کوریا میں امن کو خطرہ اور کشیدگی کو بڑھاتا ہے۔
تازہ ترین واقعہ شمالی کوریا کی جانب سے جنوبی کوریا کے ساتھ فوجی معاہدے کو مکمل طور پر معطل کرنے کے چند ماہ بعد سامنے آیا ہے، معاہدے کا مقصد تعلقات کو بہتر بنانا تھا۔
منگل کو پیانگ یانگ کی جانب سے ایک جاسوس سیٹلائٹ کو کامیابی کے ساتھ خلا میں بھیجنے کے دعوے کے بعد یہ معاہدہ خراب ہونا شروع ہوا اور اس کی وجہ سے جنوبی کوریا نے معاہدے کو جزوی طور پر معطل کرتے ہوئے کہا کہ وہ سرحد کے ساتھ نگرانی کی پروازیں دوبارہ شروع کرے گا۔
پیانگ یانگ نے کہا کہ وہ زمین، سمندر اور فضائی سمیت تمام شعبوں میں فوجی تصادم کو روکنے کے لیے اٹھائے گئے تمام اقدامات کو واپس لے لے گا اور سرحدی علاقے میں زیادہ طاقتور مسلح افواج اور نئی قسم کے ملٹری ہارڈویئر تعینات کرے گا۔