امریکا سے 1990 میں دریافت ہونے والے نایاب ڈائنوسار ’ بیری ‘ کا ڈھانچہ اگلے ماہ پریس میں ہونے والی نیلامی میں فروخت کیا جائے گا۔
رپورٹس کے مطابق 150 ملین سال پرانا کیمپٹوسورس 1990 کی دہائی میں امریکی ریاست وومنگ میں دریافت ہوا تھا، اس کا نام بیری جیمز کے نام پر رکھا گیا تھا جو ماہر حیاتیات تھے اور انہوں نے ہی اسے دریافت کیا تھا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ڈائنوسار کا ڈھانچہ انتہائی اچھی طرح سے محفوظ ہے اور 20 اکتوبر کو ہوٹل ڈروٹ میں ہونے والی نیلامی میں اسے 1.2 ملین ڈالر تک ملنے کی توقع ہے۔
بیری جراسک کے آخری دور سے تعلق رکھتا ہے اور پیمائش کے لحاظ سے 6.9 فٹ لمبا ہے۔
نیلام گھر ہوٹل ڈروٹ سے تعلق رکھنے والے الیگزینڈر گیکیلو کے مطابق ڈائنوسار کا ڈھانچہ اتنا محفوظ دیکھنا غیر معمولی بات ہے ، اس کی کھوپڑی 90 فیصد جبکہ جسم کا باقی حصہ 80 فیصد مکمل ہے۔
اپریل میں یورپ میں پہلی بار ایک ٹائرنوسورس ریکس نیلامی میں فروخت ہوا تھا۔