پاکستان کرکٹ بورڈ نے ورلڈ کیلئے قومی اسکواڈ کے اعلان کے معاملے پر بڑا فیصلہ کرلیا۔ چیئرمین پی سی بی ٹیم کی پرفارمنس کا جائزہ لینے کے ساتھ سابق کپتانوں اور کرکٹرز سے مشاورت بھی کریں گے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کی ایشیا کپ میں پرفارمنس انتہائی مایوس کن رہی تھی، قومی ٹیم کو بھارت نے بڑے مارجن سے ہرایا جبکہ سری لنکا کے ہاتھوں 2 وکٹ کی شکست کے باعث پاکستان فائنل میں جگہ نہیں بنا سکا تھا۔
ذرائع کے مطابق آئندہ ماہ بھارت میں ہونیوالے ورلڈ کپ کرکٹ کیلئے قومی اسکواڈ کا اعلان پاکستان ٹیم کی حالیہ کارکردگی کا جائزہ لینے کے بعد کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹیم کی پرفارمنس کو ریویو کرنے کا فیصلہ کیا تھا، چیئرمین مینجمنٹ کمیٹی پی سی بی ذکاء اشرف مشاورت کے بعد قومی اسکواڈ کی منظوری دیں گے۔
ذرائع کے مطابق چیئرمین پی سی بی سابق کپتانوں اور کرکٹرز سے مشاورت کا بھی ارادہ رکھتے ہیں، انہوں نے گزشتہ ہفتے کولمبو میں ٹیم کی کارکردگی ریویو کرنے کا کہا تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے قومی ٹیم کی پرفارمنس کا جائزہ اگلے دو سے 3 روز میں مکمل ہونے کا امکان ہے۔