گھڑی پر 12 بجتے ہی نئے سال کا آغاز ہو گیاہے لیکن اس سال پاکستان نے اپنے فلسطینی بہن بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے جشن نہ منانے کا اعلان کیا ہے جبکہ دوسری جانب شارجہ نے بھی نئے سال کی تقریبات غزہ کے مسلمانوں سے اظہار محبت میں منسوخ کر دیں تھیں ۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ، اسلام آباد ، راولپنڈی ، ملتان ، فیصل آباد سمیت پنجاب کے تمام شہروں میں سخت سیکیورٹی کے انتظامات کیئے گئے ہیں اور غل غپاڑہ کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاون جاری ہے ۔
نئے سال کے تقریبات پر پابندی کے بعد آئی جی پنجاب نے نیو ائیر نائٹ پر صوبہ بھر میں سکیورٹی بڑھانے کا حکم دیا ۔ترجمان پنجاب پولیس کا کہناہے کہ صوبہ بھرمیں 21 ہزار سے زائد پولیس اہلکار سکیورٹی پر تعینات ہیں۔ آئی جی پنجاب نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ پولیس ہائی الرٹ رہے، ملک و امن دشمن عناصر پر کڑی نظر رکھیں، سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے تمام سرگرمیوں کی مانیٹرنگ کی جائے،کسی کو بھی غل غپاڑہ، بدتمیزی، اخلاقی حدود سے تجاوز کی اجازت نہیں ہو گی ، ہوائی فائرنگ، ون ویلنگ، ہلڑ بازی پر زیرو ٹالرنس ہوگا، خواتین اور شہریوں کو تنگ کرنے پر زیرو ٹالرنس ہو گا، سڑکوں اور شاہراہوں پر پٹرولنگ بڑھا دیں،تمام شہروں میں سرچ اینڈ سویپ آپریشنز باقاعدگی سے جاری رکھے جائیں،ون ویلنگ، ہوائی فائرنگ، ہلڑ بازی روکنے کے کیلئے خصوصی ناکے لگائے جائیں۔
آئی ایس پی آر
مسلح افواج پاکستان کے قابل فخر اور باعزت عوام کو نئے سال کی مبارک باد پیش کرتی ہے ،،2023 کا ایک مشکل لیکن اہم سال ختم ہو گیا ہے،2024 پاکستان کیلئےاندرونی اوربیرونی لحاظ سےبہت اہمیت کاحامل ہے،مسلح افواج مادروطن کی خدمت کےجذبہ حب الوطنی کوتقویت دیتی ہیں،یہ سرزمین بے پناہ نعمتوں اوربےشمار مواقع کی حامل ہے،بلاشبہ قوم آباؤاجدادکےخوابوں اورامنگوں کےمطابق اٹھےگی،یقیناً آنے والی نسلوں کا روشن مستقبل ہمارا منتظر ہے، انشاء اللہ۔آئی ایس پی آر کا کہناتھا کہ فلسطین اورمقبوضہ کشمیر کےمظلوم عوام کےساتھ کھڑے ہیں، دعااورامید کرتےہیں کہ نیاسال ہمارے بھائیوں کےمصائب میں کمی لائےگا۔
نئے سال کے آغاز پر پاک فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر نے پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ ’’پاک فوج ملکی سلامتی اور ترقی کے لیے اپنا کردار ادا کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گی۔ ہمیں پاکستانی عوام کے ساتھ اپنی غیر متزلزل وابستگی پر فخر ہے۔ مسلح افواج اور عوام ایک ہیں۔ پاکستان کے جذبے کو کوئی شکست نہیں دے سکتا۔
سال 2024 کا مختلف ممالک میں آغاز
دنیا بھر میں آج مختلف اوقات میں نئے سال کو خوش آمد ید کہنے کا سلسلہ جاری رہا تاہم سب سے پہلے نئے سال کو نیوزی لینڈ میں خوش آمدید کہا گیا جو کہ پاکستانی وقت کے مطابق شام چار بجے ہوا۔ نیوزی لینڈ میں شاندار آتش بازی سے سال نو کا استقبال کیا گیا۔ آکلینڈ کے معروف مقامات کو برقی قمقموں سے سجایا گیا تھا۔ موسیقی اور رنگا رنگ تقاریب منعقد کی گئیں۔آکلینڈ کے اسکائی ٹاور پر سال نو منانے والوں کا جم غفیر موجود تھا۔ سب نے مل کر کاؤنٹ ڈاؤن کیا اور جیسے تاریخ تبدیل ہوئی اسکائی ٹاور جگمگا اٹھا۔ شاندار آتش بازی ہوئی۔
سال نو کا باقاعدہ آغاز نیوزی لینڈ اور پھر چند لمحوں بعد آسٹریلیا سے ہوا۔ سڈنی ہاربر پر شاندار آتش بازی کی گئی۔ متحدہ عرب امارات، مراکش اور پاکستان سمیت کئی اسلامی ممالک نے سال نو کی تقریبات کو فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی اور اسرائیلی جارحیت کے خلاف احتجاجاً منسوخ کردیں۔ویسے تو دنیا میں سب سے پہلے 2024 کا آغاز وسطی بحرالکاہل کے جزائر ٹونگا اور کیریباتی میں ہوا لیکن یہاں انسانی آبادی نہ ہونے کے برابر ہوتی ہے اس لیے کوئی تقریب منعقد نہیں ہوتی۔