بلوچستان کے ضلع آواران میں سیکیورٹی فورسز کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں 5 دہشت گرد انجام کو پہنچ گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے ضلع آواران کے علاقےمشکئی میں خفیہ اطلاعات پر آپریشن کیا، فائرنگ کے شدید تبادلے میں 5 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا گیا۔
ترجمان دہشتگردوں کے ٹھکانے تباہ اور تباہ کرکے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد کا ذخیرہ برآمد کرلیا گیا، علاقے میں موجود مزید دہشتگردوں کےخاتمےکیلئےسرچ آپریشن جاری ہے۔
واضح رہے کہ 29 دسمبر کو بھی سکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پرخفیہ معلومات کی بنیاد پر آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد اہم دہشت گرد کمانڈر راہزیب خارے سمیت 5 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا تھا۔
آئی ایس پی آر کی طرف سے جاری بیان کے مطابق مارے گئے دہشت گرد سکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں کے ساتھ ساتھ بھتہ خوری اور معصوم شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں بھی ملوث رہ چکے ہیں۔