پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ کمی کے باوجود ملک میں مہنگائی کا جن قابو میں نہ آیا گزشتہ ہفتے چکن، پیاز، دالوں سمیت پندرہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ایک سال میں صرف گیس چارجز گیارہ گنا سے زیادہ بڑھ گئے۔
وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے مہنگائی کے ہفتہ وار اعدادوشمار کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتے مہنگائی صفر اعشاریہ تین سات فیصد اضافے سے سالانہ بنیاد پر تینتالیس اعشاریہ دو پانچ فیصد تک پہنچ گئی۔ پندرہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ جبکہ نو اشیاء کے نرخوں میں کمی دیکھی گئی۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتے چکن، پیاز، دال مونگ، دال چنا، چینی، دال مسور، دال ماش مہنگی ہوئی یل پی جی اور جلانے کی لکڑی کے دام بھی بڑھ گئے۔ البتہ ٹماٹر، آلو، گھی، کوکنگ آئل، انڈے، گڑ، لہسن معمولی سستا ہواگزشتہ ہفتے مجموعی طور پر ستائیس اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام رہاسالانہ بنیاد پر موازنہ کیا جائے تو گزشتہ سال کی نسبت گیس چارجز گیارہ سو آٹھ فیصد سے زائد بڑھ گئے۔ اس دوران سرخ مرچ بیاسی فیصد، گندم کا آٹا چوہتر فیصد مہنگا ہوا۔
لہسن ایک سال میں ستر فیصد، ٹماٹر پینسٹھ فیصد، چاول اٹھاون فیصد مہنگے ہوئے جبکہ گزشتہ سال کی نسبت چینی چون فیصد، گڑ اڑتالیس فیصد، سگریٹ ترانوے فیصد مہنگے ہوگئے۔ گزشتہ ایک سال میں پیاز، سرسوں کا تیل، گھی، کیلے سمیت بعض اشیاء سستی بھی ہوئیں۔