پاکستان کرکٹ ٹیم کے ڈائریکٹر محمد حفیظ نے آسٹریلیا کے ہاتھوں دوسرے ٹیسٹ میں شکست کا ملبہ ٹیکنالوجی اور امپائرنگ پر ڈال دیا۔
میلبورن ٹیسٹ میں شکست کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے ٹیم ڈاٸریکٹر محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا کو سیریز جیتنے پر مبارکباد پیش کرتے ہیں، ہماری ٹیم نے جس طرح میچ میں فائٹ کی وہ قابل تعریف ہے اس لئے مجھے پاکستانی ٹیم پر فخر ہے۔
ٹیم ڈائریکٹر کا کہنا تھا کہ ٹیکنالوجی اور امپاٸرنگ کی وجہ سے یہ نتاٸج آٸے ہیں، ان مساٸل کو حل ہونے کی ضرورت ہے یہ کرکٹ کے بجاٸے ٹیکنالوجی شو لگ رہا تھا، ہم نے اہم وقت پر غلطیاں بھی کی جس کا میں اعتراف کرتا ہوں، تاہم، ٹیکنالوجی کے فیصلے آپ کو حیران کردیتے ہیں۔
محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ کئی مرتبہ ٹیکنالوجی وہ دکھاتی ہے جو کرکٹ کی روح کے مطابق نہیں ہوتا، بہتری کی گنجائش ہمیشہ رہتی ہے اور ہم سب بہتری چاہتے ہیں، امپائر کال پر شک رہتا ہے، ایک ہی امپائر کال کبھی فیور میں جاتی ہے کبھی خلاف چلی جاتی ہے۔
محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ مجموعی طور پر پاکستان نے آسٹریلیا سے اچھا کھیلا ہے، میں نے رضوان سے بات کی وہ ایک سچا انسان ہے ، انہوں نے بتایا کہ بال ان کے گلوز پر نہیں لگی، عبد اللہ اچھا سلپ فیلڈر ہے اس نے ماضی میں بھی اس پوزیشن پر فیلڈنگ کی ہے ، ممکن ہے کنڈیشنز کی وجہ سے اس سے کیچز چھوٹے جس سے اس کا اعتماد خراب ہوا۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے عبد اللہ شفیق کی جگہ بابر اعظم کو سلپ میں کھڑا کیا جس سے فاٸدہ ہوا۔
انہوں نے مزید کہا کہ شان مسعود، بابر اعظم، رضوان اور سلمان جب وکٹ پر تھے تو جیت نظر آرہی تھی۔