الیکشن کمیشن نے کوہاٹ کے ریٹرننگ افسر کی معطلی کا پشاور ہائیکورٹ کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا، عدالت عظمیٰ نے اپیل سماعت کیلئے مقرر کردی، چیف جسٹس کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ 2 جنوری کو سماعت کرے گا۔
الیکشن کیمشن آف پاکستان کی جانب سے پشاور ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ پشاور ہائی کورٹ کے فیصلے کے بعد کوہاٹ کا حلقہ بغیر ریٹرننگ افسر کے ہے، انتخابی عمل میں مشکلات پیدا ہورہی ہیں۔
ای سی پی نے سپریم کورٹ آف پاکستان سے اپنی درخواست میں استدعا کی ہے کہ پشاور ہائیکورٹ کا 27 دسمبر کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے۔
سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کی اپیل 2 جنوری کو سماعت کیلئے مقرر کر دی ہے، چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ سماعت کرے گا۔