’’ مدر انڈیا ‘‘میں اہم کردار ادا کرنیوالے اداکار ساجد خان انتقال کر گئے ساجد خان کا انتقال 22 دسمبر کو 71 سال کی عمر میں کینسر کے باعث ہوا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کےمطابق ساجد خان بالی ووڈ کی معروف فلم ’’مدر انڈیا ‘‘میں ’’برجو ‘‘ کا کردار ادا کیا، ساجد خان کے بیٹے نے بتایا کہ وہ کینسر کی وجہ سے زندگی کی بازی ہار گئے۔
سمر نے بتایا کہ ’’میرے والد کو راجکمارپتامبر رانا اور سنیتا پتامبر نےگود لیا تھا اور فلم ساز محبوب خان نے پالا تھا،وہ کچھ عرصے سے فلموں میں سرگرم نہیں تھے اور زیادہ تر فلاحی کاموں میں مصروف تھے،وہ اکثرکیرالہ آیا کرتے تھے اور انہیں یہاں بہت اچھا لگتا تھا،انہوں نے دوبارہ شادی کی اور یہیں سکونت اختیارکر لی ‘‘۔
آنجہانی اداکارکو کیرالہ کے الاپپوزا ضلع میں قائم کلم ٹاؤن ’’ جمعہ مسجد ‘‘میں سپرد خاک کیا گیا ہے،ساجد خان محبوب خان کی فلم ’’ مدر انڈیا ‘‘میں نوجوان برجو کےکردار کے لیے جانے جاتے ہیں۔
آنجہانی اداکار نےامریکا میں بھی اس وقت شہرت حاصل کی جب وہ جے نارتھ کے ساتھ فلم ’مایا‘ میں جلوہ گر ہوئے۔ساجد خان نے فلپائن میں بھی مقبولیت پائی اور 'دی سنگنگ فلپائنا' اور'مائی فنی گرل'جیسی فلموں میں کام کیا، وہ امریکی ٹی وی شو ’دی بگ ویلی‘ کا بھی حصہ تھے۔
واضح رہے کہ بعض میڈیا رپورٹس میں بالی ووڈ کے ڈائریکٹر اور فرح خان کے بھائی ساجد خان کے انتقال کا دعویٰ کیا گیا تھا جو کہ غلط تھا، انتقال کر جانے والے ساجد خان بھارتی فلم انڈسٹری کے پرانے اداکار تھے۔.