’’ ایوکاڈو ٹوسٹ ‘‘ کے گاڈ فادر اور مشہور آسٹریلوی شیف بل گرینجر 54 سال کی عمر میں انتقال کر گئے ہیں۔
برطانوی نشریاتی ادارے کی ایک رپورٹ کے مطابق میلبورن سے تعلق رکھنے والے مشہور آسٹریلوی شیف بل گرینجر کا انتقال کرسمس کے دن لندن کے ایک ہسپتال میں ہوا۔
گرینجر کے اہلخانہ نے ان کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے انسٹاگرام پر جاری پیغام میں کہا کہ ’’ معروف شیف کو ’ ناشتے کے بادشاہ ‘ کے طور پر یاد کیا جائے گا اور وہ سب کو بہت یاد آئے گا ‘‘۔
بل گرینجر کے انتقال کی وجہ ان کے اہل خانہ کی جانب سے ظاہر نہیں کی گئی ہے۔
اپنے 30 سالہ کیریئر کے دوران گرینجر نے 14 کک بکس شائع کیں، متعدد ٹیلی ویژن کوکنگ شوز کیے اور دنیا بھر میں ایک درجن سے زیادہ ریستوران کھولے۔
مشہور شخصیات بشمول آسٹریلوی اداکار ہیو جیک مین، سابق ماسٹر شیف آسٹریلیا کے جج میٹ پریسٹن اور کھانے کے لیجنڈ جیمی اولیور ان لوگوں میں شامل تھے جنہوں نے انہیں ایک مہربان، زندہ دل اور دلکش انسان کے طور پر خراج تحسین پیش کیا۔
گرینجر نے اپنے کیریئر کا آغاز 1993 میں 23 سال کی عمر میں آرٹ سکول چھوڑنے کے بعد کیا تھا۔
گرینجر ان لوگوں میں سے ایک ہے جسے ایوکاڈو اور ٹوسٹ کی مقبولیت کا سہرا دیا جاتا ہے جبکہ ان کے پسماندگان میں ان کی اہلیہ اور کاروباری پارٹنر نیٹلی ایلیٹ اور ان کی تین بیٹیاں ایڈی، انیس اور بنی ہیں۔