الیکشن کمیشن آف پاکستان نے تمام ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کردیں، ملازمین اور افسران کی ہفتہ اور اتوار کی چھٹی بھی انتخابات تک ختم کردی گئی۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کے تمام ملازمین کی چھٹیاں عام انتخابات تک ختم کردی گئی، ملازمین اور افسران کی ہفتہ اور اتوار کے روز کی چھٹی بھی بند کردی گئی ہے۔
ای سی پی کے نوٹیفکیشن کے مطابق تمام اعلیٰ افسران اسٹیشن چھوڑنے سے قبل چیف الیکشن کمشنر سے اجازت لیں گے، 19 سے کم گریڈ کے افسران کو سیکریٹری الیکشن کمیشن سے اجازت لینا ہوگی، کوئی اور افسر چھٹی دینے کا مجاز نہیں ہوگا۔
بعض افسران کی 23 دسمبر کو غیرحاضری پر چیف الیکشن کمشنر نے آخری وارننگ جاری کردی، 23 دسمبر کو اجلاس میں بعض افسران اہم امور کی انجام دہی کیلئے غیرحاضر تھے۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں زور دیا گیا ہے کہ محکمہ کے اہلکار اور افسران ہدایات پر سختی سے عمل کریں۔
واضح رہے کہ ملک بھر میں 8 فروری 2024ء کو قومی اسمبلی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات ہوں گے، جس کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا مرحلہ 24 دسمبر کو ختم ہوگیا، 25 دسمبر سے کاغذات کی جانچ پڑتال شروع ہوگئی جو 30 دسمبر تک جاری رہے گی۔