وفاقی تحقیقاتی ادارے ( ایف آئی اے ) نے شناختی کارڈز کے غیر قانونی اجراء کیس میں نادرا کے چار افسران کو گرفتار کر لیا۔
شناختی کارڈز کے غیر قانونی اجراء سے متعلق کیس میں اہم پیش رفت ہوئی ہے اور ایف آئی اے کی جانب سے نادرا کے چار افسران کو اسلام آباد سے گرفتار کر لیا گیا ہے۔
ایف آئی اے ترجمان کے مطابق گرفتار کئے جانے والے ملزمان میں طاہر ، عدنان عمار ، عامر خان اور محمد طیب شامل ہیں جو کہ نادرا میگا سینٹر میں ڈپٹی اسسٹنٹ ڈائریکٹر اور سینئر ایگزیکٹیو کے عہدے پر تعینات تھے۔
ترجمان نے بتایا کہ ملزمان نے 2019 اور 2020 میں غیرملکیوں کو شناختی کارڈ جاری کیے، ملزمان احساس پروگرام کے نام پر مزدوروں کا بائیو میٹرک لیتے تھے اور مزدوروں کی فیملی ٹری میں افغان شہریوں کا اندراج کرتے تھے۔
ملزمان ایجنٹوں کی مدد سے شہریوں کو لالچ دے کر جال میں پھنساتے تھے جبکہ ملزمان نے متعدد مزدورں کی فیملی ٹری میں افغان شہریوں کا اندراج کیا، دیہاڑی دار مزدور اور نشئی افراد کو افغان شہریوں کا والد ظاہر کرتے تھے۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ ملزمان سے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔