آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کا کہنا ہے کہ پاکستان کے دشمن مذہبی، نسلی کمزوریوں کو استعمال کرتے ہوئے دراڑیں ڈالنے پر تلے ہیں، ہمیں پُرعزم اور مضبوط قوم کے طور پر اُبھرنے کے لیے متحد ہونا پڑے گا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے راولپنڈی میں چرچ کا دورہ کیا اور کرسمس تقریب میں شرکت کی۔ آرمی چیف نے پاکستان میں تمام مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد دی۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہا کہ اسلام ہمیں امن، دوستی کا سبق سکھاتا ہے، اسلام بین المذاہب ہم آہنگی کی حوصلہ افزائی کرتا ہے جو کہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے قائد اعظم محمد علی جناح کے عظیم وژن اور قیادت کو خراج تحسین پیش کیا اور 11 اگست 1947 کو دستور ساز اسمبلی سے خطاب کے دوران قائد کے تاریخی کلمات کا بھی حوالہ دیا۔ کہ "آپ آزاد ہیں، آپ اپنے مندروں میں جانے کے لیے آزاد ہیں۔ آپ اس ریاست پاکستان میں اپنی مساجد یا کسی دوسری عبادت گاہ میں جانے کے لیے آزاد ہیں"۔