استحکام پاکستان پارٹی ( آئی پی پی ) کی رہنما ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ ہاتھوں پر کبوتر رکھنے والوں کے لئے شاہین میدان میں آیا ہے۔
جمعہ کے روز آئی پی پی رہنما فردوس عاشق اعوان نے آر او آفس کے باہر میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ کچہری میں بڑے بڑے نوسر باز کاغذات نامزدگی جمع کروانے آئے ہیں، ہم عوامی لوگ ہیں عوام کی خدمت پر یقین رکھتے ہیں۔
فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ استحکام پاکستان کا منشور ملک سے وفا داری ہے، وقت آچکا ہے ہم اس ملک کو مضبوط کریں، پانچ فیصد اشرافیہ نے 95 فیصد عوام کو یرغمال بنایا ہوا ہے۔
آئی پی پی رہنما کا کہنا تھا کہ آج کا نوجوان قائد اعظم اور علامہ اقبال کے پاکستان کا متلاشی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری سیاست تھانے اور کچہری سے نہیں جڑی ہے، سیاسی جماعتوں کا مقابلہ سیاسی طریقے سے کریں گے، ہمارا مقابلہ نومئی والوں سے ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ سندھ میں سیٹ ایڈجسمنٹ کے لئے مختلف سیاسی پارٹیوں سے بات چیت چل رہی ہے، پارٹی کی لیڈر شپ ختمی فیصلہ کرے گی۔