پلڈاٹ نے پاکستان میں نوجوانوں کی انتخابی عمل میں شمولیت کےعنوان سے رپورٹ جاری کر دی۔ جس کے مطابق دو ہزار اٹھارہ کے عام انتخابات میں ، سینتیس فیصد نوجوانوں نے حق رائے دہی استعمال کیا ۔ گذشتہ آٹھ انتخابات میں نوجوانوں ووٹرز کا ٹرن آؤٹ اکتیس فیصد رہا۔
رپورٹ لانچنگ تقریب سے خطاب میں پی ٹی آئی کے سینیٹر علی ظفر نے الزام عائد کیا کہ فری اینڈ فئیر الیکشنز کے آرٹیکلز پر عمل درآمد نہیں ہو رہا۔ مسلم لیگ ن کے سینیٹر افنان ﷲ کا کہنا تھا کچھ سیاسی جماعتوں نے نوجوانوں کو منفی پراپیگنڈے پر لگا دیا ہے ۔
پیپلزپارٹی کے رہنما فرحت اللہ بابر نے نوجوانوں کے لئے مخصوص نشستیں مقرر کرنے اور جامعات میں طلبا یونینز کی فوری بحالی کا مطالبہ کیا ، اور کہا ملک میں ایک کروڑ خواتین کا شناختی کارڈ ہی نہیں بنا ، الیکشن میں نوجوانوں اور خواتین کی شمولیت نہیں ہو گی تو اس کی ساکھ مجروح ہو گی ۔
مقررین نے عام انتخابات میں تمام سیاسی جماعتوں کو لیول پلیئنگ فیلڈ کی فراہمی یقینی بنانے پر زور دیا ۔اور جمہوریت کی مضبوطی کیلئے بلدیاتی اداروں کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا گیا ۔
ایگزیکٹو ڈائریکٹر گیلپ پاکستان بلال گیلانی نے کہا بہت سے ممالک میں ووٹ ڈالنے کیلئے شناختی کارڈ کی شرط نہیں ، ہمیں دیکھنا چاہیئے کہ شناخت کیلئے کونسا متبادل ڈاکیومنٹ ہو سکتا ہے ، پوسٹل بیلٹ کو فروغ دینے سے بھی ووٹنگ کی شرح میں اضافہ کیا جا سکتا ہے ۔