تبادلہ مارکیٹ میں روپے کے مقابلے ڈالر کی قیمت میں معمولی اضافہ ہوگیا۔
انٹربینک مارکیٹ میں جمعرات کو کاروبار کے دوران امریکی ڈالر کے مقابلے روپے کی قدر میں 0.09 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔ ڈالر کے مقابلے روپیہ 26 پیسے کی تنزلی سے 280.42 روپے پر آگیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر کے مقابلےروپیہ 10 پیسے یا 0.03 فیصد کی بہتری سے 280.16 پر بند ہوا تھا۔
بین الاقوامی سطح پر جمعرات کو امریکی ڈالر میں وسیع پیمانے پر کمی آئی اور یورو مستحکم ہوا، جب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی تجارتی شراکت داروں کے خلاف توقع سے زیادہ سخت ٹیرف کا اعلان کیا، جس سے مارکیٹس میں ہلچل مچ گئی اور سرمایہ کاروں نے ین اور سوئس فرانک جیسے محفوظ پناہ گاہوں کی طرف رخ کیا۔
جوابی ٹیرف کے اعلان نے مارکیٹس میں ہلچل مچادی دی جس کے نتیجے میں عالمی اسٹاکز ڈوب گئے اور سرمایہ کاروں نے بانڈز اور سونے جیسے محفوظ سرمایہ کاری کے ذرائع کی طرف دوڑ لگادی۔