لاہورکی انسدادِ دہشت گردی عدالت نے نو مئی جلاؤ گھیراؤ کے چھ مقدمات میں پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی کی عبوری ضمانتیں بحال کرنے کی درخواست خارج کردی۔
منگل کے روز انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج ارشد جاوید نے پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی کی درخواست پر سماعت کی۔
شاہ محمود قریشی کے وکیل نے ضمانت کی درخواستیں بحال کرنے کی استدعا کر رکھی تھی اور موقف تھا کہ شاہ محمود قریشی گرفتاری سے قبل باقاعدہ عدالت میں پیش ہوتے رہے وہ قانون کے مطابق عدالت کا سامنا کرنے کیلئے تیار ہیں۔
وکیل نے استدعا کی کہ عدم پیروی کی بنیاد پر ضمانتیں خارج کردی گئی تھیں ، عدالت میرٹ پر سماعت کرتے ہوئے عبوری ضمانتیں بحال کرنے کا حکم دے۔
تاہم، عدالت نے شاہ محمود قریشی کے وکیل کی عدم پیروی کی بنیاد پر ضمانت بحالی کی درخواست خارج کردی۔
شاہ محمود قریشی کے خلاف تھانہ سرور روڑ اور گلبرگ پولیس سمیت دیگر پولیس اسٹیشنز میں نو مئی کے چھ مقدمات درج ہیں۔