چیف سیکرٹری پنجاب کی زیرصدارت کھاد کی اضافی قیمتیں وصول کرنے والوں کے خلاف کاروائی کے لیے اجلاس میں پنجاب بھر کے ڈپٹی کمشنرزنے شرکت کی مقررہ قیمتوں پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لئےڈپٹی کمشنرز کوچوبیس گھنٹے کی ڈیڈ لائن دیدی۔
چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان کی زیر صدارت ڈپٹی کمشنرز کا ویڈیو لنک اجلاس ہوا جس میں کھاد کی گرانفروشی کی روک تھام کیلئے سخت انتظامی اقدامات کا فیصلہ کیا گیا ہے۔چیف سیکرٹری پنجاب کی جانب سے ڈپٹی کمشنرز کو یوریا کھاد کی مقررہ قیمت پردستیابی یقینی بنانے کیلئے چوبیس گھنٹے کی ڈیڈ لائن دی گئی ہے۔
چیف سیکرٹری پنجاب کا کہنا ہے حکومت کھاد پرسبسڈی کسانوں کیلئے دے رہی ہے، ناجائز منافع کمانے کیلئے نہیں۔ کھاد کی گرانفروشی کسانوں کو ریلیف فراہم کرنے کی حکومتی کوششوں کو نقصان پہنچا رہی ہے۔کھاد کی قیمتوں اور دستیابی کا روزانہ کی بنیاد پر جائزہ لیا جائے گا۔کھاد کی مصنوعی قلت پیدا کر کے کسی کو کاشتکاروں کا استحصال نہیں کرنے دینگے۔
سیکرٹری زراعت نے اجلاس کو کھاد کی قیمتوں، طلب اور رسد بارے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ رواں ماہ کھاد کی گرانفروشی پر75مقدمات کا اندراج، چھتیس ڈیلروں کوگرفتار کیا گیا۔سترہ ہزار آٹھ سو کھاد کی بوریاں ضبط اور نوے لاکھ روپے کے جرمانے عائد کئے گئے۔