ملک سے اشیائے خوراک کی برآمدات میں جاری مالی سال کے پہلے دو ماہ میں سالانہ بنیادوں پر6فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمارکے مطابق جولائی اوراگست میں اشیائے خوراک کی برآمدات سے 766ملین ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 6فیصد کم ہے۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں اشیائے خوراک کی برآمدات سے 818ملین ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا تھا۔ اگست میں اشیائے خوراک کی برآمدات کا حجم 392ملین ڈالر ریکارڈکیا گیا جو گزشتہ سال اگست کے مقابلے میں 9فیصد کم ہے۔
جولائی کے مقابلے میں اگست میں اشیائے خوراک کی برآمدات میں ماہانہ بنیادوں پر5فیصد کی نمو ریکارڈ کی گئی ہے۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے دو ماہ میں اشیائے خوراک کی درآمدات پر1.236ارب ڈالر کا زرمبادلہ صرف ہوا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 16فیصد کم ہے۔
اعداد وشمار کے مطابق گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں اشیائے خوراک کی درآمدات پر1.469ارب ڈالر کا زرمبادلہ صرف ہواتھا۔ اگست میں اشیائے خوراک کی درآمدات کا حجم 605ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ سال اگست کے مقابلے میں 29فیصد کم ہے۔ گزشتہ سال اگست میں اشیائے خوراک کی درآمدات پر851ملین ڈالر کا زرمبادلہ صرف ہوا تھا۔