سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کی درخواست منظور کرتے ہوئے لاہور ہائیکورٹ کا ڈی آر اوز ایگزیکٹو سے لینے کا نوٹیفکیشن معطل کرنے کا فیصلہ کالعدم قرا ر دیدیا ہے اور ساتھ ہی الیکشن کمیشن کو حکم جاری کیا کہ وہ الیکشن کا شیڈول آج ہی جاری کریں لیکن اس دوران ایک انتہائی حیران کن معاملے نے پاکستانی عوام کو پریشان کر دیاہے ۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن 2024 کیلئے شیڈول کی تیاری کا عمل ممکنہ طور پر الیکشن کمیشن میں جاری ہے اور کسی بھی وقت اعلان متوقع ہے لیکن اس سے قبل سوشل میڈیا پر سابق وزیر خزانہ اور سینیٹر اسحاق ڈار کی ایک ٹویٹ وائرل ہو رہی ہے جس میں الیکشن کمیشن کے اعلان سے قبل ہی مبینہ الیکشن شیڈول جاری کر دیا گیاہے ۔
اسحاق ڈار کے مبینہ ٹویٹر اکاونٹ کی جانب سے جاری کردہ فہرست میں یہ بات واضح ہورہی ہے کہ الیکشن شیڈول کے مطابق کاغذات نامزدگی 20 سے 25 دسمبر تک جمع کروائے جا سکتے ہیں جبکہ 17 جنوری کو انتخابی نشان الاٹ کیئے جائیں گے ۔اس ٹویٹ میں الیکشن 2024 کے شیڈول کے حوالے سے اہم نکات بھی تفصیل سے بیان کیئے گئے ہیں ۔
سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے دعویٰ کیا جارہاہے کہ یہ ٹویٹ اسحاق ڈار کی جانب سے ہی کی گئی تھی جسے بعدازاں اکاونٹ سے ہٹا دیا گیا لیکن صارفین نے پھرتی دکھاتے ہوئے اس کے سکرین شاٹس لے لیئے تھے جو کہ وائرل ہو چکے ہیں ۔
مسلم لیگ ن کے رہنما اور سینیٹر اسحاق ڈار کی جانب سے اس معاملے پر کوئی تصدیق یا تردید سامنے نہیں آسکی ہے ۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے بھی ایک بیان سامنے آیا ہے جس میں سوشل میڈیا پر چلنے والے مبینہ الیکشن شیڈول کو جعلی قرار دیا گیاہے اور کہا گیاہے کہ ابھی تک انتخابی شیڈول جاری نہیں کیا گیاہے ۔
اسحاق ڈار کے اکاونٹ سے جاری مبینہ ٹویٹ کے سکرین شاٹ کے مندرجات در ج ذیل ہیں :
ملک بھر میں عام انتخابات 8 فروری 2024 کو منعقد ہوں گے۔
20 سے 25 دسمبر تک امیدوار کاغذات نامزدگی جمع کروا سکیں غے
یکم جنوری سے ناموں خی فہرست 27 دسمبر کو جاری کی جائے گی ۔
9 جنوری 2024 کو کاغذات کی منظوری اور مسترد ہونے پر اپیلوں کی سماعت ہو گی ۔
11 جنوری 2024 کو اپیلوں پر ایپلٹ اتھارٹی کے فیصلوں کا آخر ی روز ہو گا ۔
15 جنوری 2024 کو امیدواروں کی نظر ثانی فہرست جاری کی جائے گی ۔
16 جنوری 2024 کو کاغذات نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ ہو گی ۔
17 جنوری 2024 کو امیدواروں کو انتخابی نشان الاٹ ہوں گے ۔
پولنگ ڈے 8 فروری 2024 بروز جمعرات ہو گا ۔
یہ ٹویٹ مبینہ طور پر اسحاق ڈار کے نام سے ٹویٹر اکاونٹ سے رات 10 بج کر 23 منٹ پر کی گئی اور ڈیلیٹ ہونے سے قبل اسے 1417 لو گ دیکھ چکے تھے ۔