اسلام آباد کی آفیشل سیکرٹ ایکٹ عدالت نے سائفر کیس کی سماعت ان کیمرا کرنے کی استغاثہ کی درخواست منظور کرلی۔ ملزمان کے اہلخانہ کو کمرہ عدالت آنے کی اجازت ہوگی۔ جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے محفوظ فیصلہ سنادیا۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کی آفیشل سیکرٹ ایکٹ عدالت نے وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کی درخواست منظور کرتے ہوئے فیصلہ دیا ہے کہ سائفر کیس کی آئندہ کارروائی ان کیمرہ ہوگی۔ درخواست ایف آئی اے نے سیکشن 14 اے کے تحت دائر کی تھی۔ عدالت کے جج ابو الحسنات ذوالقرنین نے اڈیالہ جیل میں سماعت کی۔
دوران سماعت پراسیکیوٹر رضوان عباسی نے کہا کہ سیکشن 14 اے کے تحت سماعت ان کیمرہ ہونی چاہئے، مقدمہ ہی آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت ہے،ان کیمرہ سماعت ضروری ہے، ملزمان پر چارج فریم ہو چکا، اب شہادتیں ریکارڈ ہونی ہیں۔ چاہتے ہیں کہ شہادتیں ریکارڈ کرتے وقت سیکریسی کو ملحوظ رکھا جائے۔