نگراں وفاقی وزیر مذہبی امور کا کہنا ہے کہ حج 2024ء پچھلے سال کے مقابلے میں مہنگا نہیں ہوگا، سہولتیں بھی زیادہ ملیں گی۔ انیق احمد نے ملک کی ڈھائی لاکھ سے زائد مساجد میں خطبہ یکساں ہونے کی خواہش کا بھی اظہار کردیا۔
نگران وفاقی حکومت نے حج انتظامات وقت سے پہلے مکمل کرنے کے پلان پر عمل شروع کردیا۔ نگراں وفاقی وزیر مذہبی امور انیق احمد 18 ستمبر کو 5 روزہ دورے پر سعودی عرب جائیں گے، حجاج کرام کی رہائشوں، ایئرلائنز بکنگ سمیت دیگر معاملات طے ہوں گے۔
نگران وفاقی وزیر مذہبی امور انیق احمد کا کہنا ہے حج 2024ء پہلے سے مہنگا نہیں ہوگا اور سہولتیں بھی زیادہ ملیں گی، حج پالیسی 90 فیصد مکمل ہوگئی، انتظامات کی پیشگی تکمیل چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 18 ستمبر کو سعودی عرب جارہے ہیں، تمام متعلقہ شعبوں کے حکام سے ملیں گے، حجاج کیلئے عمارتوں کا خود مشاہدہ کرکے بکنگ کریں گے، کیٹرنگ کمپنیوں سے ملاقات کرکے کھانے کے ریٹ طے کریں گے۔
نگران وفاقی وزیر مذہبی امور کا کہنا ہے کہ سعودی ایئر لائنز سے بات چیت ہورہی ہے، اگلا حج گزشتہ حج سے مہنگا نہیں ہوگا۔
انہوں نے ملک کی ڈھائی لاکھ مساجد میں خطبہ جمعہ یکساں ہونے کی خواہش بھی ظاہر کردی۔ کہا کہ باہمی روابط ہونے چاہئیں، کیا ہی اچھا ہو کراچی سے خیبر تک تمام مساجد میں جمعہ کا ایک ہی خطبہ ہو۔
نگران وفاقی وزیر مذہبی امور انیق احمد نے بتایا کہ فیصل آباد میں جڑانوالہ واقعے میں ملوث 200 افراد گرفتار ہوچکے، ملزمان کیخلاف قانونی کارروائی ہورہی ہے۔