ایران نے کہا ہے کہ اسرائیل اور امریکہ حماس کو ختم نہیں کرسکتے جبکہ اسرائیلی وزیراعظم کا کہنا ہے کہ جنگ کے بعد غزہ کا کنٹرول فلسطینیوں کے حوالے نہیں کیا جائیگا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان نے کہا کہ اسرائیل اور امریکہ حماس کو ختم نہیں کرسکتے،اسرائیل جنگ کے ذریعے یرغمالیوں کو آزاد نہیں کرا سکتا، مسئلے کا صرف سیاسی حل ہے۔
دوسری جانب اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتھن یاہو نے کہا ہے کہ اسرائیل جنگ کے بعد غزہ کا کنٹرول فلسطینیوں کے حوالے نہیں کرے گا۔
ادھر غزہ میں صیہونی دہشت گردوں کے انسانیت سوز مظالم جاری ہے۔ رفح،خان یونس، جبالیہ اور دیرالبلاح مسلسل اسرائیلی بمباری کا نشانہ بن رہے ہیں، العودہ اسپتال اورکمال عدوان اسپتال اسرائیلی محاصرے اورحملوں کی زد میں ہیں جبکہ مریض اور طبی عملےکے افراد جاں بحق ہوئے ہیں ۔
صیہونیوں فوج کی مسلسل فضائی بمباری سےغزہ میں خوراک اور طبی سہولیات کی کمی پیدا ہوگئی، رفح میں ہزاروں بے گھرفلسطینیوں میں بنیادی سہولیات سے محروم ہونے کی وجہ سے بیماریاں پھیلنے لگیں۔
القسام بریگیڈ نے جوابی میں کارروائی میں خان یونس میں اسرائیلی ٹینک تباہ اورتل ابیب پر میزائل داغے ، شمالی غزہ میں فلسطینی مجاہدین کے مشترکہ آپریشن میں اسرائیلی فوج کوجانی نقصان پہنچا۔
حماس رہنما اسامہ حمدان نے واضح کیا ہے کہ اسرائیلی جارحیت ختم ہونےسے پہلے قیدیوں کے تبادلے پر بات نہیں ہوگی۔
دوسری جانب امریکا نے اسرائیل کیلئے فوجی امداد جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے، امریکی صدر جوبائیڈن نے حماس کے خاتمے تک اسرائیل کو فوجی امداد فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر کے مطابق غزہ میں جنگ بندی حماس کے خاتمے سے ہوگی۔