پاکستان کرکٹ ٹیم کے سپنر ابرار احمد انجری کے باعث آسٹریلیا کے خلاف پہلے ٹیسٹ سے باہر ہوگئے ہیں جبکہ ان کی جگہ آف سپنر ساجد خان کو سکواڈ کا حصہ بنایا جائے گا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی ) کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ابرار احمد آسٹریلیا کے خلاف 14 دسمبر سے پرتھ میں شروع ہونے والے پہلے ٹیسٹ میچ سے باہر ہو گئے ہیں۔
ابرار آسٹریلوی پرائم منسٹر الیون کے خلاف فرسٹ کلاس میچ کے دوران دائیں ٹانگ میں شدید درد کی وجہ سے گراؤنڈ سے باہر چلے گئے تھے اور بعدازاں طبی ٹیم کی جانب سے معائنے کے بعد ان میں معمولی انجری کی تشخیص کی گئی تھی۔
پی سی بی کے مطابق ابرار پیر کو پرتھ میں ہونے والے پہلے میچ کے دوران آرام کریں گے اور اس دوران ڈاکٹرز کی جانب سے ان کی نگرانی کی جائے گی۔
نوجوان سپنر پوری ٹیسٹ سیریز سے باہر نہیں ہوئے ہیں تاہم، دوسرے ٹیسٹ سے قبل ان کا مزید معائنہ کیا جائے گا۔
ادھر سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین وہاب ریاض نے ٹیم انتظامیہ کی درخواست پر ابرار احمد کی جگہ آف اسپنر ساجد خان کے نام کی منظوری دے دی ہے جو اپنے سفری انتظامات کو حتمی شکل دینے کے بعد پرتھ روانہ ہوں گے۔
خیال رہے کہ آف سپنر ساجد خان کے پاس آسٹریلیا کا ویزہ پہلے سے موجود ہے اور وہ آسٹریلوی پچز پر کھیلنے کا تجربہ بھی رکھتے ہیں۔
یاد رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین میچز پر مشتمل ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ 14 دسمبر کو کھیلا جائے گا۔