سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے ایوی ایشن کے اجلاس میں انکشاف ہوا ہے کہ پی آئی اے کی نجکاری کا فیصلہ ہو چکا ہے، روز ویلیٹ ہوٹل کے نیویارک میونسپل سے تین سالہ معاہدہ کے تحت پہلے سال چوہتر ملین ڈالر ریونیو ملے گا۔
چیئرمین کمیٹی سینیٹر سلیم کی زیر صدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے ایوی ایشن کا اجلاس ہوا ، جس دوران وزیر اعظم کے مشیر برائے ایوی ایشن فرحت حسین نے کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پی آئی اے کی نجکاری کا پراسس اپریل میں شروع ہوگیا تھا۔ ستمبر کے آخر میں پی آئی اے کو مکمل طور پر نجکاری کمیشن کے حوالے کر دیا گیا تھا ۔کمیٹی کو بتایا گیا کہ ملائیشیا میں کھڑے دونوں جہاز واپس مل چکے ہیں جن میں سے ایک جہاز واپس آچکا ہے۔ دوسرا تین ہفتوں میں واپس آجائےگا۔
کمیٹی کو بتایا گیا کہ نجکاری کا فیصلہ ہو چکا ہے۔ اب یہ معاملہ نجکاری کمیشن کے پاس ہے۔ وزارت سول ایوی ایشن نے بتایا کہ نیویارک میں روزویلٹ ہوٹل کے لیے نیویارک میونسپل نے ہمیں دوسودو ڈالر فی کمرہ آفر کی۔ تین سال کا معاہدہ ہوگیا ہے۔ ایک ہزار پچیس کمرے تیار کرکے حوالے کردئیے ہیں۔ پہلے سال چوہتر ملین ڈالر ریونیو ملے گا۔ چودہ ماہ بعد ہوٹل کو گرا کر دوبارہ بنایا جائے گا۔