جنوبی افریقہ کے سابق کپتان فاف ڈوپلیسی نے اگلے سال ہونے والے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی ) ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے بین الاقوامی کرکٹ میں واپسی کا اشارہ دے دیا۔
آئی سی سی کی ایک رپورٹ کے مطابق ڈوپلیسی نے 2021 میں پاکستان کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں جنوبی افریقہ کی نمائندگی کی تھی جبکہ انہوں نے 2020 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں انگلینڈ کے خلاف اپنا آخری وائٹ بال میچ کھیلا تھا۔
The South Africa great has hinted at an international return in time for next year's ICC Men's #T20WorldCup 👀
— ICC (@ICC) December 6, 2023
Details 👇https://t.co/t1xANKNuem
لیکن 39 سالہ کھلاڑی حالیہ دنوں میں ڈومیسٹک لیول پر اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں اور انڈین پریمیئر لیگ ( آئی پی ایل ) کے اس سال کے ایڈیشن میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے شبمن گل کے بعد دوسرے نمبر پر بھی تھے، انہوں نے رائل چیلنجرز بنگلور کی طرف سے کھیلتے ہوئے 14 اننگز میں 730 رنز بنائے تھے۔
ڈوپلیسی اس وقت ابوظہبی میں ایک اور ڈومیسٹک ٹورنامنٹ بھی کھیل رہے ہیں اور انہوں نے اشارہ دیا ہے کہ وہ جنوبی افریقہ کے نئے وائٹ بال کوچ روب والٹر کے ساتھ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے آغاز سے قبل بین الاقوامی سطح پر ممکنہ واپسی کے بارے میں بات چیت کر رہے ہیں۔
ڈوپلیسی نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ میں انٹرنیشنل کرکٹ میں واپس آ سکتا ہوں، ہم اس کے بارے میں بات کر رہے ہیں ۔
ڈوپلیسی نے 2014 اور 2016 میں دو T20 ورلڈ کپ ٹورنامنٹس کے دوران جنوبی افریقہ کی کپتانی کی لیکن اس حقیقت کے باوجود کہ وہ کبھی بھی بین الاقوامی وائٹ بال کرکٹ سے باضابطہ طور پر ریٹائر نہیں ہوئے ٹورنامنٹ کے آخری دو ایڈیشنز کے لئے انہیں سکواڈ کا حصہ نہیں بنایا گیا۔
سابق افریقی کپتان نے تینوں فارمیٹس میں 23 سنچریاں بنا رکھی ہیں اور ان کا خیال ہے کہ وہ اب بھی اپنے ملک کے لیے کرکٹ کھیلنے کے لیے کافی اچھی حالت میں ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ میں اپنی فٹنس یقینی بنانے کے لیے بہت زیادہ محنت کرتا ہوں تاکہ کھیلنے کے قابل ہو سکوں ، جب آپ کی عمر تھوڑی بہت بڑھ جاتی ہے تو آپ کو یہ یقینی بنانا ہوگا کہ آپ کام میں لگ گئے ہیں، بصورت دیگر، ہیمسٹرنگ اور جسم کے دوسرے حصے اتنی اچھی طرح سے کام نہیں کرتے ہیں۔